یوکرین میں باغیوں نے جنگی طیارہ مار گرایا، جھڑپوں میں 10 شہری ہلاک

Ukraine

Ukraine

کیف (جیوڈیسک) مشرقی یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں نے یوکرین کا جنگی طیارہ مار گرایا جب کہ جھڑپوں میں 10 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ مگ 29 طرز کے اس طیارے کو لوہانسک میں مار گرایا گیا جبکہ طیارے کا پائلٹ ایجیکشن سیٹ کے ذریعے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گیا، دونیسک سٹی کونسل کی جانب سے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرین کی سرکاری فورسز کی جانب سے دونیسک میں فوجی کارروائی کے دوران اب تک 10 شہری ہلاک اور8 زخمی ہو چکے ہیں، مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سرکاری فورسز کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آرٹلری شیلنگ سے درجنوں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ 50 ٹرانسفارمر اسٹیشن تباہ ہو گئے، جس سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، جنوب مشرقی یوکرین میں اب تک کی جنگ میں 1400 سے زائد افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں 2600 سویلین اور 29 بچے شامل ہیں، یوکرین کے وزیر خارجہ پاویل کلیمکین نے یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو سے فوجی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔