کیف (جیوڈیسک) یوکرینی افواج اور باغیوں کے درمیان ہونیوالی جھڑپوں میں مزید 18 شہری ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ باغیوں کے حملوں میں دونٹسک میں 12 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں جبکہ لانگسک کے میونسپل حکام کا کہناہے کہ ان کے علاقے میں بھی رات بھر ہونیوالی جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے ہیں۔
ادھر اے پی پی کے مطابق خودساختہ لوھانسک پیپلز ریپبلک کے رہنماء ولیری بلو توف نے روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مشرقی یوکرین میں ملیشیا کی جانب سے آپریشن کے دوران ایس یو۔ 25 طیارہ، آرمرڈ گاڑیاں اور ٹی۔ 62 ٹینک ہمارے ہاتھ آگئے ہیں۔
بلوتوف نے کہا کہ ملیشیا فورسز قبضہ میں لی گئی آرمرڈ اور طیارہ مرمت کر رہی ہیں۔ طیارے کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔ دوسری طرف روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو صبح 9 بجے کے قریب یوکرین کے دونتسک شہر کے علاقہ سے روسی علاقہ میں مارٹر گولے پھینکے گئے۔