یوکرائن میں حکومت مخالف مظاہرے، سرکاری عمارتوں پر قبضہ

Ukraine

Ukraine

یوکرائن (جیوڈیسک) یوکرائن میں حکومت مخالف مظاہرے جاری، ہزاروں مظاہرین کا دارالحکومت کیف میں دھرنا، حکومتی مخالفین نے کئی سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا، جھڑپوں میں 40 صحافیوں سمیت 200 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔

یوکرائن میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ ہزاروں مظاہرین نے دارالحکومت کیف میں دھرنا دیا ہوا ہے۔ یوکرائنی وزیراعظم نے اسے عوامی بغاوت قرار دیا ہے جب کہ امریکا کا کہنا ہے کہ عوامی احتجاج کو بغاوت نہیں کہا جا سکتا۔

پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال نہ کی جائے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں ہزاروں مظاہرین نے کئی روز سے شہر کے مرکزی چوک پر پڑا ڈال رکھا ہے۔ دیگر شہروں سے بھی لوگ بڑی تعداد میں کیف پہنچ رہے ہیں۔ حکومت مخالفین نے کئی سرکاری عمارتوں پر قبضہ بھی کر لیا ہے۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 40 صحافیوں سمیت 200 کے قریب افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یوکرائن میں مظاہرے یورپی یونین سے تجارتی اور سیاسی تعلقات استوار نہ کرنے پر شروع ہوئے تھے جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے یوکرائن کے صدر اور وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

یوکرائنی وزیراعظم مائیکولا آزاروف کا کہنا ہے کہ ان مظاہروں میں بغاوت کی تمام نشانیاں موجود ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے مظاہرین کے خلاف تشدد کی مذمت کی ہے۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا ہے کہ عوامی احتجاج کو کسی صورت بغاوت قرار نہیں دیا جا سکتا اور پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے یوکرائن کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور برداشت کی اپیل کی ہے۔