کیو (جیوڈیسک) جوتا مارنے کی روایت اب پرانی ہو گئی، پریس کانفرنس کے دوران یوکرینی صدر کیک کا نشانہ بننے سے بال بال بچ گئے۔ سیاسی شخصیات کو جوتا مارنے کی روایت کوئی نئی بات نہیں اور دنیا کے کئی مشہور سیاستدان جوتا کلب میں شامل ہونے کا شرف حاصل کر چکے ہیں لیکن یہ روایت اب پرانی ہو چکی۔ جی ہاں یوکرینی دارالحکومت کیومیں ہونے والی ایک نیوز کانفرنس کے دوران اس وقت صورتحال دلچسپ ہو گئی جب صدر پیٹرو پر دو نقاب پوش افراد نے کیک پھینک دیا۔
خوش قسمتی سے کیک ڈیسک پر لگ کر نیچے گر گیا لیکن صدر پیٹرو اچانک حملے سے بچنے کیلئے ڈیسک کے نیچے چھپ گئے۔ کیک پھینکنے کے بعد نقاب پوش افراد وہاں سے فرار ہوگئے جس کے بعد صدر پیٹرو بھی واپس کر سی پر آگئے اور پریس کانفرنس کو جاری رکھا تاہم کیک کے ٹکڑے لگنے کی وجہ سے انہیں اپنی جیکٹ اتارنی پڑی۔ واضح رہے کہ یوکرین کو گذشتہ کئی ماہ سے بد ترین سیاسی بحران کا سامنا ہے اور دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔