دارالعلوم حقانیہ قیام امن میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے: پرویزخٹک

Pruyzkhtk

Pruyzkhtk

پاکستان(جیو ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے طالبان سے مذاکرات اور امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مولانا سمیع الحق سے تعاون مانگ لیا۔اکوڑہ خٹک پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کا اعلان کر رکھا ہے اسی سلسلے میں پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلی پرویز خٹک اور نامزد خیبرپختونخوا اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو صوبے میں مینڈیٹ حاصل ہے اور وہ حکومت چلانا بھی جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے میں دینی مدارس بالخصوص دارلعلوم حقانیہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ مولانا سمیع الحق نے نامزد وزیر اعلی کو امن وامان بہتر بنانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ کراچی میں دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کے موقف کی تائید کرتے ہیں توانائی بحران کے حوالے سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سمال ڈیمز کی تعمیر اور توانائی کے حصول کیلئے جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم عام کئے بغیر امن وامان کا قیام ممکن نہیں۔