فتح اللہ (جیوڈیسک) عمر اکمل کی شاندار سنچری نے پاکستان کی لاج رکھ لی۔ آفریدی، مصباح، حفیظ، مقصود سب ناکام ہوگئے۔ پاکستان نے افغانستان کو 249 رنز کا ہدف دیا۔ ایشیا کپ میں عمر اکمل کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے افغانستان کے خلاف بہترین انگز کھیل کر پانچ سال بعد دوسری سنچری اسکور کی۔ جارح مزاج مگر ذمے دارانہ انداز، کبھی سنگل تو کبھی گیند میدان سے باہر، یہ اسٹائل ہے دوبارہ سے ہیرو بننے والے عمر اکمل کا۔ ایشیاکپ میں ان کے کرکٹ کیریئر کا نیاجنم ہوا ہے۔
سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں 73رنز کی اننگز۔ پھر دوسرے میچ میں افغانستان کے خلاف 102 رنز ناٹ آوٴٹ بناڈالے۔ طویل مدت سے ماہرین اور شائقین کی تنقید کا شکار عمر اکمل اب لگتا ہے کہ میچور ہونے لگے ہیں۔ چار سال چھ ماہ اور بیس دن کے بعد وہ اپنے کیریئر کی دوسری ون ڈے سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ دلچسپ بات یہ کہ ان کی پہلی سنچری بھی 102رنز ناٹ آوٴٹ تھی۔
صورت حال کو سمجھ کر اور اسی اندازمیں عمر اکمل نے کھیل جاری رکھا تو وہ دن دور نہیں جب وہ پاکستان کی بیٹنگ لائن کے سب سے اہم ستون تسلیم کیے جانے لگیں گے۔