لاہور (جیوڈیسک) لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹر عمر اکمل کے مکمل طبی معائنے کے لئے نیورو سرجن کی خدمات لے لیں۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق بورڈ کو عمر اکمل کے دماغ کی ایم آر آئی رپورٹ موصول ہو چکی ہے لیکن ویسٹ انڈیز میں عمر اکمل کو پیش آنے والے مسئلے کو جاننے کے لئے کل نیورو سرجن سے قومی کرکٹر کا معائنہ کرایا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ عمر اکمل قومی ٹیم کا اثاثہ ہیں۔ ان کی مکمل صحت یابی کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز میں لیگ کرکٹ کھیلنے والے عمر اکمل جہاز میں طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں زمبابوے جانے کی بجائے پاکستان آنے کی ہدایت کی گئی۔