کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) حضرت عمر فاروق کے فضائل و مناقب کو بیان کرنے کیلئے ہزاروں صفحات بھی کم ہیں۔ آپ عدل و انصاف، غیرت، جرأت اور بہادری کا پیکر تھے۔ اس وقت کے کافر بھی آپ کے بارے میں کہتے تھے کہ اگر آپ کی حکومت 10 سال اور رہتی تو مشرق سے مغرب تک اسلام پھیل جاتا۔ جماعت اہل سنت پاکستان ملک بھرخصوصاً ضلع لیہ میں یوم شہیدین منائے گی ۔ جس میں شہید قوم حضرت عمر فاروق اور نواسۂ رسولۖ حضرت امام حسینکی خدمات ، شان اور آپ کی اسلام کیلئے لازوال خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔
یہ بات جماعت اہلسنت کے ضلعی سیکریٹری اطلاعات طارق محمود پہاڑ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام حضرت عمر فاروق کی شہادت کا دن ہے۔ خلیفۂ دوم حضرت عمر فاروق کے مناقب اور فضائل کا احاطہ کرنے کیلئے ہزاروں صفحات بھی کم پڑ جائیں گے۔ آپ نے عدل و انصاف کی ایسی بنیاد رکھی جو رہتی دنیا تک قائم رہے گی۔ آپ مراد رسول ہیں۔ اور حضور ۖ کی دعائوں کی بدولت اللہ تعالیٰ نے آپ کو مشرف بہ اسلام فرمایا۔سرور کائینات حضرت محمد مصطفیۖ نے فرمایا کہ اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو وہ حضرت عمر ہوتا۔ آپۖ حضرت عمر سے بہت محبت رکھتے تھے۔ آپۖ نے ایک موقع پر فرمایا کہ ہر نبی کی امت میں ایک محدث ضرور ہوتا تھا اور میری امت کے محدث عمر ہیں۔ صحابہ نے عرض کیا کہ یہ محدث کیا ہوتا ہے تو آپۖ نے فرمایا کہ محدث وہ ہوتا ہے جس کی زبان سے ملائکہ بات کرتے ہیں۔ شہید کربلا حضرت امام حسین فرماتے ہیں کہ حضرت عمر فاروق کی ایک بات بہت مخصوص تھی کہ وہ جھوٹی بات کو پہچان لیا کرتے تھے۔ اور جھوٹ بولنے والے کو خاموش کروا دیتے تھے۔
آپ کا سلسلہ نسب نویں پشت میں حضورۖ سے ملتا ہے۔ طارق پہاڑ نے مزید کہا حضرت عمر فاروق کی اسلام کیلئے خدمات تا قیامت یاد رکھی جائیں گی۔ آپ نے اپنے دور میں عدل و انصاف کی ایسی بنیاد رکھی کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔ آپ خلیفہ ہونے کے باوجود عام حقوق میں سب کے ساتھ برابری رکھتے تھے۔ کسی قانون کے اثر سے مستشنیٰ نہ تھے۔ ملک کی آمدنی میں سے ضروریات زندگی سے زیادہ نہ لیتے تھے۔ عام معاشرت میں حاکمانہ حیثیت کا کوئی لحاظ نہ رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اہلسنت پاکستان ملک بھر خصوصاً ضلع لیہ میں یوم شہیدین منائے گی۔ جس میں شہید قوم حضرت عمر فاروق اور شہید کربلا حضرت امام حسین کی خدمات ، شان اور ان کی اسلام کیلئے لازوال خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔