لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
فاسٹ بولر عمر گل کو تقریبا 15 ماہ بعد آئرلینڈ اور انگلیڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ایک روزہ سکواڈ میں اوپنر احمد شہزاد اور عمر اکمل جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ آل راؤنڈر حسن علی کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
عمر اکمل نے گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والے عالمی کپ مقابلوں کے بعد پاکستان کی جانب سے کوئی میچ نہیں کھیلا۔
خیال رہے کہ پاکستان کو گذشتہ چار ایک روزہ سیریز میں سے تین میں شکست کا سامنا رہا ہے اور وہ عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ جمعرات سے اوول میں شروع ہوگا جس کے بعد آئرلینڈ کے خلاف دو اور انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستان کا ایک روزہ میچوں کے لیے سکواڈ: اظہر علی (کپتان)، شرجیل خان، سمیع اسلم، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد رضوان، محمد عامر، وہاب رہاض، حسن علی، عمر گل، عماد وسیم، یاسر شاہ اور محمد نواز۔