ڈربن(جیوڈیسک) پاکستان اورجنوبی افریقا کے درمیان چوتھا ون ڈے کل کھیلا جائے گا ، فاسٹ بولر عمر گل فٹنس مسائل کے باعث آخری دونوں میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے جبکہ شاہد آفریدی فٹ ہو کو کل کے میچ کیلئے ٹیم کو دستیاب ہیں، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد عرفان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، ان کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق میچ سے پہلے فیصلہ کریں گے۔
ڈربن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر عمر گل ان فٹ ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، شاہد آفریدی فٹ ہیں اور محمد عرفان کی طبیعت بھی پہلے سے بہتر ہے، میچ کی حکمت عملی کنڈیشنز دیکھ کر بنائیں گے۔
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ پاکستان تجربہ کار ٹیم ہے، وہ کم بیک کرسکتے ہیں، کرکٹ میں ہر گیم نیا گیم ہوتا ہے۔ دوسری جانب آج پاکستان اور جنوبی افریقی ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی، تاہم کہا جارہا ہے کہ کل کے میچ کے دوران بارش کا بھی امکان ہے۔ جیو نیوز کے نمائندہ سہیل عمران کا کہنا ہے کہ میچ کیلئے تیار کی گئی پچ اسپنرز کیلئے ساز گار ہے جس سے پاکستان ٹیم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔