کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) معروف پاکستانی اسٹیج آرٹسٹ اور کامیڈیئن عمر شریف انتقال کر گئے ہیں۔ عمر شریف کا انتقال جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے ایک ہسپتال میں آج ہفتے دو اکتوبر کی صبح ہوا۔
عمر شریف کو علاج کی غرض سے پاکستان سے امریکا لے جایا جا رہا تھا تاہم تین روز قبل ٹرانزٹ کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں نیورمبرگ کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹویٹ میں عمر شریف کے وفات پانے کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانے کا عملہ اس وقت ہسپتال میں موجود ہے اور اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے اہل خانہ کے ساتھ افسوس کا اظہار بھی کیا۔
عمر شریف کو ایئر ایمولینس کے ذریعے منگل کے دن پاکستان سے امریکا کے لیے روانہ کر دیا گیا تھا۔ ان کی اہلیہ زرین عمر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ تاہم پرواز کے دوران عمر شریف کی حالت بگڑ گئی اور طبی وجوہات کی بنا پر ان کا جہاز ہنگامی بنیادوں پر نیورمبرگ اتر گیا تھا۔
جرمنی میں انسانی بنیادوں پر ہمدری کے تحت انہیں اور ان کی اہلیہ کو پندرہ دن کے ویزے بھی جاری کر دیے گئے تھے۔ بعد ازاں وہ نیورمبرگ کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
عمر شریف انیس اپریل سن 1955 میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں ایشیا کے کامیاب اور مقبول ترین فنکاروں میں شامل کیا جاتا ہے۔
ان کے انتقال کی خبریں آتے ہی پاکستان میں کئی فنکار افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ فیصل قریشی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وہ ‘کامیڈی کے کنگ کی وفات پر افسردہ ہیں اور یہ کے عمر شریف پاکستانی صنعت کا اثاثہ تھے۔