کراچی: جماعت اسلامی غلبہ اسلام کی تحریک اور قرآن کی دعوت کی علمبردار ہے۔ رمضان قرآن کے نزول کا مہینہ ہے قرآن سے تعلق کو مضبوط کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت سیکٹر 3 نارتھ میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کتاب انقلاب ہے جو انسانی زندگی کے تمام گوشوں میں اللہ کی حاکمیت چاہتا ہے۔
جب تک اس امت نے قرآن و سنت کو تھامے رکھا یہ دنیا پر غالب رہی اور امت مسلمہ پر رحمتوں کا نزول رہا، قرآن والے ہی اللہ والے ہیں، وہ تمام ادارے جو قرآن کا علم دینے والے ہیں اللہ ان کو سکینت اور طمانیت عطا فرماتا ہے۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ قرآن ہمیں حکم دیتا ہے کہ اس کتاب کے ساتھ جہاد کبیر کرکے اس کے نظام کو تمام ادیان باطلہ پر غالب کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماہ رمضان امت کیلئے باعث نجات تھا۔ اگر آج بھی اللہ کی ہدایت کی اتباع کریں تو کوئی خوف اور غم نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کا قرآن سے اور قرآن کا پاکستان سے بہت گہرا تعلق ہے۔ نزول قرآن کی شب ہی پاکستان وجود میں آیا۔ 68 برس کی تاریخ گواہ ہے کہ رب تعالیٰ نے تو اپنا وعدہ پورا کیا مگر ہم نے اپنے رب سے عہد شکنی کی، حتیٰ کے نظریہ پاکستان کو بھی متنازع بنا دیا، جب ہم نے قرآن کو چھوڑ دیا تو ہم فرقوں میںبٹ گئے اور مسلمان نہ رہے ضرورت اس امر کی ہے ایک بار پھر اسی قرآن کی طرف پلٹ آئیں۔