کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے حکام کا دعویٰ ہے کہ عمرہ کرائے حکومت کی ہدایت پر کم کئے گئے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زائرین کی تیزی سے کم ہوئی تعداد کی وجہ سے نہ صرف پی آئی اے بلکہ دیگر ایرلائنز بھی اپنے عمرہ کرائے کم کرنے پر مجبور ہوئی ہیں۔
ٹریول ایجنٹس ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں جان لیوا میرس وائرس پھیلنے کی وجہ سے خود سعودی حکومت نے بچوں، بوڑھوں اور حاملہ خواتین کو سعودی عرب نہ آنے کا مشورہ دیا ہے، جس کے بعد عمرہ زائرین کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
مسافروں کی کم تعداد کی وجہ سے پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لائنز پاکستان سے اپنے عمرہ کرایوں میں کمی پر مجبور ہوئی ہیں۔ سعودی عرب میں میرس نامی وائرس دوسال قبل سامنے آیا تھا اورتاحال نہ تواس کے اسباب معلوم ہوسکے اور نہ ہی کوئی باقاعدہ علاج دریافت کیا جا سکا ہے۔
میرس وائرس سے سعودی عرب میں کم ازکم 126 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ میرس یعنی مڈل ایسٹ ریسیپیٹری سنڈروم سانس لینے کے نظام کو متاثر کرتا ہے جس کی وجہ سے بخار، نمونیا اور گردے ناکارہ ہوجانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔