ریاض (جیوڈیسک) سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ کے صدر شہزادہ سلطان بن سلمان نے عمرہ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عمرہ زائرین اب اپنے ویزوں کو سیاحتی ویزوں میں بھی تبدیل کر سکیں گے۔
ریاض میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے بعد جاری کی گئی پریس ریلیز میں شہزادہ سلطان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد عمرہ زائرین کو موقع فرام کرنا ہے کہ وہ ملک کے اہم مقامات، تاریخی اسلامی مقامات، پرکشش سیاحتی مقامات، شاپنگ سینٹرز اور مالز کا بھی دورہ کرسکیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت زائرین عمرہ کرنے کے بعد مختلف ثقافتی، طبی، تعلیمی اور مارکیٹنگ دوروں کے ساتھ ساتھ نمائشوں اور کانفرنسوں میں بھی شرکت کرسکیں گے۔
شہزادہ سلطان کا مزید کہنا تھا کہ بزنس ویزہ رکھنے والے اور گلف ممالک کے رہائشی بھی اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
شہزادہ سلطان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر کافی دیر پہلے کام شروع کیا گیا تھا ،تاہم طریقہ کار وضع نہ ہونے کی وجہ سے یہ کام تاخیر کا شکار تھا ۔