راولپنڈی (جیوڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی ایک بار پھر متحدہ کے قائد پر خوب گرجے برسے اور ساتھ ہی وزیر داخلہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران خان نے متحدہ قائد پر الزامات کو انتہائی سنگین قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں جھگڑا کرنے والوں کو پہلے پارٹی اور پھر دنیا سے ہی فارغ کر دیا جاتا تھا، لندن میں بیٹھ کر لاشیں گروائی جاتی رہیں اور وزیر داخلہ ثبوت مانگ رہے ہیں۔
عمران خان نے شریف برادران پر بھی خوب تنقید کی اور کہا کہ برطانیہ میں وزیر اعظم خود الزام کا جواب دیتا ہے بچے نہیں، شریف برادران آئیں، بڑا اچھا مناظرہ ہو گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد یونین کونسل کی سطح پر الیکشن کرانے اور کے پی میں نیا احتساب بل لانے کا اعلان کیا۔ کرکٹ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے لیجنڈ کرکٹر عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی غیر تسلی بخش ہے، اگر بلے باز اپنی ذمہ داری نبھائیں تو ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قوم کو خوشی کی نوید بھی مل سکتی ہے۔
ورلڈ کپ 1992ء کے فاتح کپتان عمران خان نے ہما چل پردیش حکومت کو کرارے باؤنسرز مارے اور قومی ٹیم کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے اقدام کو سراہا۔