امریکہ (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ نے چین اور امریکہ کو “سرد جنگ ” کی وارننگ دی اور مکمل طور پر خراب باہمی تعلقات میں بہتری لانے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس نے 76 ویں جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے لئے بیانات جاری کئے ہیں۔
بیانات میں انہوں نے کسی سرد جنگ کے احتمال کی وارننگ دی اور دو بڑے اور نہایت درجہ با اثر ممالک کے درمیان مسائل کو باقی ماندہ دنیا میں پھیلنے سے روکنے کے لئے چین اور امریکہ سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی اپیل کی ہے۔
گٹرس نے کہا ہے کہ انسانی وسائل، اقتصادیات، آن لائن سکیورٹی اور جنوبی بحیرہ چین کی خود مختاری کے موضوعات میں جاری سیاسی رخنوں کے باوجود دنیا کی 2 بڑی اقتصادی طاقتوں کا ماحولیاتی تبدیلیوں کے معاملے میں باہمی تعاون اور تجارت سے لے کر ٹیکنالوجی تک زیادہ مضبوط مذاکرات کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت دو طرفہ محاذ آرائی کے علاوہ اور کچھ دیکھنے میں نہیں آ رہا جبکہ جس چیز کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے وہ دونوں طاقتوں کے درمیان فعال باہمی تعلقات کا قیام ہے۔