غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، متعدد علاقے رات بھر بجلی سے محروم

Loadshedding

Loadshedding

لاہور (جیوڈیسک) گرمی میں اضافے کے ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا بھرکس نکال کر رکھ دیا، شہروں میں چودہ سے سولہ، دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی چیخیں نکلوا دیں، کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے، حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

لاہور میں قہر کی گرمی میں تڑاکے دار لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔ پارہ چڑھتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ، حکومتی دعوے ہوا ہو گئے ۔ شہروں میں چودہ سے سولہ گھنٹے ، دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں ۔ لوگ ہائے ہائے کر اٹھے ، ہر گھر سے بجلی آ گئی ، نہیں آئی ، آئی تھی ، پھر چلی گئی کی صدائیں سننے کو مل رہی ہیں۔

لوگ جاگ کر راتیں گزارنے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہوا تو شہریوں کا پارہ بھی چڑھ گیا،،کئی شہروں میں گرمی سے تنگ لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت پر خوب غصہ نکالا۔

بجلی کی پیداوار بڑھانے کے دعوے تو ہوئے لیکن بجلی کہاں ہے کوئی جواب نہیں مل رہا ۔ دعوے کرنے والے بھی دور دور تک نظر نہیں آ رہے ، شہری اور تاجر کہتے ہیں ابھی تو موسم گرما کا آغاز ہے مئی اور جون میں کیا بنے گا۔