لاہور (جیوڈیسک) پاکستان اور زمبابوے کے مابین پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں چاچا کرکٹ بھی شائقین کا لہو گرماتے رہے، سیالکوٹ کے رہائشی صوفی عبدالجلیل صبح ہی مخصوص سبز لباس زیب تن کیے اور ہاتھ میں قومی پرچم اٹھائے لاہور کی سڑکوں پر نکل پڑے
نوجوانوں کے ساتھ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا بھرپور جشن منایا، میچ شروع ہونے سے قبل وہ قذافی اسٹیڈیم کے باہرکھڑے ہوگئے اورانھوں نے روایتی انداز میں شائقین کو خوش آمدید کہا اس موقع پر نوجوان پرستاروں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ آج پاکستانیوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کرکٹ سے بے پناہ پیار کرتے ہیں، نوجوانوں کا جوش بتارہا ہے کہ وہ غیرملکی ٹیموں کو یہاں نہ آنے سے کس قدر پریشان تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح وہ بھی زمبابوین ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پہلا قطرہ ثابت ہوئے۔
چاچا کرکٹ نے شائقین سے پرزور اپیل کی کہ وہ مہمان ٹیم کا ایسے استقبال کریں کہ جیسے وہ صدیوں یاد رکھے اور اس بے مثال مہمان نوازی سے متاثر ہو کر دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیلیں۔
بعد ازاں میچ کے دوران بھی صوفی عبدالجلیل نے روایتی انداز میں دونوں ٹیموں کے پلیئرز کو خوب داد دی اور اپنے نعروں سے شائقین کو بھی جوش دلاتے رہے۔