کسی غیرآئینی اور غیر قانونی مطالبے کو تسلیم نہیں کریں گے، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے جائز آئینی اور قانونی مطالبات پر بات کرنے کو تیار ہے مگر کسی قسم کے غیر آئینی اور غیر قانونی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت مذاکراتی عمل پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے تمام آئینی اور قانونی مطالبات پر بات کی گئی ہے۔

حکومت تمام قانونی اور آئینی مطالبات پر مزید آگے بڑھنے کو تیار ہے مگر کسی غیر آئینی وغیر قانونی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔

متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کے ساتھ ہے۔ متاثرین کے گھروں کی تعمیر صوبائی اور وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے۔ وسائل کی کمی کے باوجود حکومتی فنڈ سیلاب متاثرین پر خرچ کیا جائے گا۔