کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) آئی سی سی انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
کرائسٹ چرچ میں پاک بھارت جنگ آج رات ڈھائی بجے شروع ہو گی۔ گرین شرٹس نے کوارٹرز فائنل میں جنوبی افریقا کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔ علی زریاب 74 رنز کے ساتھ مرد میدان رہے تھے۔
دوسری جانب تین بار کی چیمپئن بھارتی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست ہے، بلیو شرٹس نے کوارٹرز فائنل میں بنگلا دیش کو ہرایا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح سائیڈ 3 فروری کو فائنل میں آسٹریلیا کے ساتھ مدمقابل ہو گی۔ خیال رہے کہ پاکستان پانچ مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے دو مرتبہ وہ فاتح رہا ہے۔
بھارتی انڈر 19 ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ کا سیمی فائنل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے انڈین اور پاکستانی ٹیموں ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، اس لیے یہ مقابلہ نوجوان کرکٹرز کے لیے بہت اہم ہو گا۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کے مینجر ندیم خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کرکٹرز کو روایتی دباؤ کے بغیر میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز نے جس طرح اپنی کارکردگی بہتر بنائی وہ خوش آئند ہے۔