امریکہ (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو نے ایک متنازع قرارداد منظور کی ہے جس میں یروشلم میں موجود تاریخی بیت المقدس کے سلسلے میں یہودیوں کا کوئی ذکر نہیں۔
یونیسکو کے ایگزیکٹیو بورڈ نے عرب ممالک کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کو منظور کر لیا ہے۔
قرارداد میں بار بار اسے صرف اس کے اسلامی ناموں سے یاد کیا گيا ہے۔ مسلمان اسے ‘حرم الشریف‘ یا ’بیت المقدس’ کے ناموں سے پکارتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ یہودیوں کا بھی مقدس ترین مقام ہے اور وہ اسے ‘ٹمپل ماؤنٹ’ کہتے ہیں۔ اس قرارداد کے سبب گذشتہ ہفتے اسرائیل نے یونیسکو سے اپنے سارے رابطے منجمد کر دیے۔
قرارداد کے متن کا مقصد فلسطین کے ثقافتی ورثے اور مشرقی یروشلم کے مخصوص کردار کو بچانا تھا۔ اس میں یروشلم اور مقبوضہ غرب اردن کے مقدس مقامات پر اسرائیل کی سرگرمیوں پر تنقید بھی کی گئی ہے۔
یروشلم کے قدیم شہر اور اس کی دیواروں کو وحدانیت کے قائل تینوں مذاہب (اسلام، یہودی اور نصرانی) میں مقدس تسلیم کیا گيا ہے لیکن مقدس پہاڑی کو صرف ‘الاقصی مسجد یا حرم الشریف’ کے نام سے یاد کیا گيا ہے۔
یونیسکو کی سربراہ نے اس مقام کی اہمیت پر زور دیا ہے قرارداد کے متن میں ‘البراق پلازہ’ کو دو واوین میں لکھا گيا ہے جبکہ اسی کے یہودی نام ‘ویسٹر پلازہ’ کو ایک واوین میں لکھا گيا ہے یعنی اسے کم اہمیت دی گئی ہے۔
یونیسکو کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے صدر مائیکل ووربس نے جمعے کو کہا کہ مصالحت کے لیے اگر مزید وقت مل جاتا تو بہتر ہوتا۔
منگل کو یونیسکو میں اسرائیل کے سفیر کارمیل شمع ہوکوہین نے فلسطین پر ‘کھیل کھیلنے’ کا الزام لگایا انھوں نے بتایا کہ ‘ممالک اور لوگوں کے درمیان مسائل کو سلجھانے کے لیے یہ غلط جگہ ہے۔’
لیکن یونیسکو میں فلسطین کے نائب سفیر منیر انستاس نے قرارداد کے منظور کیے جانے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ‘اس سے اسرائیلی حکام پر دباؤ پڑے گا’ کہ وہ اپنی تمام خلاف ورزیاں بطور خاص قدیم شہر اور اس کے اطراف میں کھدائی روک دیں۔
قرارداد میں بار بار قوت کے استعمال، مسلمانوں پر پابندی عائد کرنے اور آثار قدیم کے تعلق سے اسرائیلی سرگرمیوں کی مذمت کی گئی ہے لیکن اسرائیل اس تنقید کو سیاست سے متاثر قرار دیتا ہے۔