کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برساتی نالوں کی صفائی اور سیوریج فلو کو درست بنا کر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جائے بلدیاتی ادارے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا ئیں اور برسات سے قبل رین ایمرجنسی کے حوالے سے ہنگامی پلان ترتیب دیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے برساتی نالوں کا معائنہ اور برسات سے قبل شاہ فیصل زون کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پرمختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی مسائل اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے حکومت سندھ سے درخواست کی ہے کہ ناگہانی آفات و سانحات سے نمٹنے اور عوامی زندگیوں کو بروقت ہنگامی امداد فراہم کر کے محفوظ بنا نے کے لئے ٹائونز کی سطح پر ڈیزاسٹر منیجمنٹ طرز پر ادارہ قائم کیا جائے۔
شہر میں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے اقدامات پر رکن صوبائی اسمبلی نے کہاکہ اگر نکاسی آب کا نظام درست نہ بنا یا گیا تو یہ میگا پولیٹن سٹی کراچی کے مکینوں کے ساتھ زیادتی ہوگی ،علاقائی سطح پر نکاسی آب کا جو صورتحال ہے دوران برسات عوام شدید مسائل سے دو چار ہوجائیں گے انہوں نے بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے کہاکہ شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر برسات سے قبل برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کی جائے تاکہ دوران برسات عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔