کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع کورنگی یونین کمیٹی نمبر19زمان آباد کے حق پرست چیئر مین نعمان احمد نے اپنے حلقے میں بڑھتے ہوئے عوامی مسائل پر احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ یوسی زمان آباد میں فراہمی و نکاسی آب ،صفائی وستھرائی اور اندھیروں میں ڈوبی گلیوں نے عوامی زندگی کو شدید مشکلات سے دو چار کردیا ہے بلدیاتی ادارے خصوصاً واٹر اینڈ سیوریج بورڈ علاقائی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے ہمارے بارہا توجہ دلا نے کے باوجود علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور سیوریج کے ناقص نظام سے عوام کو چھٹکارہ نہیں دلا یا جارہا ہے نو منتخب یوسی چیئر مین نعمان احمد نے کہاکہ سندھ حکومت شہر کراچی کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی کی 37 یونین کمیٹیز کے لئے سیوریج لائنوں کی صفائی پر صرف ایک راڈنگ مشین اور سکنگ مشین مامور ہے۔
یہ ضلع کورنگی کی عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 19 زمان آباد کے مختلف علاقوں میں اپنی مد د آپ کے تحت اپنی نگرانی میں سیوریج سسٹم کی درستگی کو یقینی بنا تے ہوئے کیا حق پرست چیئر مین نعمان احمد نے کہاکہ ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اُن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے اپنے حلقے کی عوام کو بنیادی مسائل سے نجات اور علاقائی ترقی کو یقینی بنا یا جائیگا اس موقع پر یوسی 19زمان آباد ضلع کورنگی کے چیئر مین نعمان احمد ،وائس چیئر مین فرید الدین ،کونسلر ز ،صدف جہاں ،فرخ صادق ،منصور خان اور افضال احمد نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور عوامی نمائندوں کو اختیار دیکر مقامی حکومتوں کا نظام فعال بنا یا جائے ورنہ مسائل میں گھرے عوام حکمرانوں کے خلاف بھر پور احتجاج پر مجبور ہونگے ۔