کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی میں عوامی خدمات کے حوالے سے محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا نے ضلع کورنگی میں مسائل سے پاک معاشرے کے قیام اورترقیاتی عمل کو بروقت یقینی بنا نے کے لئے یونین کمیٹیز کی سطح پر نگراں کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو مسائل سے نجات اور ضلع کورنگی کو تعمیر ترقی سے ہمکنار کرکے شہر کراچی کا مثالی ضلع بنا ئیں گے ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل زون سمیت ضلع کورنگی کی حدود میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلانے کے لئے یونین کمیٹیز کے نمائندوں کی تجاویز پر مکمل عملد ر آمد کیا جائے یوسیز چیئر مین ،وائس چیئر مین اور وارڈز کونسلرز کو ہدایت کی کہ اپنے حلقوں میں تعمیر و ترقی اور عوام کو بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچا نے کو عمل کو تیز کیا جائے بلدیہ کورنگی کے تحت علاقائی ترقی اور مسائل کے حل کے حوالے سے جاری انتظامات کو مکمل نگرانی میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے شاہ فیصل زون آفس میں یونین کمیٹیز کے چیئر مین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اجلاس میں علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب اور بلدیاتی مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔چیئر مین سید نیئر رضا نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے یونین کمیٹیز کی سطح پر صفائی وستھرائی اور سرسبز ماحول کے قیام کے ساتھ بیوٹی فکشن مہم کو مکمل نگرانی میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انہوںنے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے باہمی ٹیم ورک کے ساتھ ضلع کورنگی کو تعمیر و ترقی سے ہمکناراور شہر کراچی کا مثالی ضلع بنایا جا سکتا ہے۔