میاں چنوں (تصور شہزاد) ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 216 مہرعامر حیات ہراج نے نواحی گائوں امرت نگر 133سولہ ایل میںیونین کونسل کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر چئیرمین یونین کونسل58 چوہدری سلامت اللہ رکھا کی طرف سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس حوالے سے امرت نگر کی تعمیر و ترقی بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مقامی آبادی کے مسائل و مشکلات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے دیہہ ہذا میں مڈل سکول کی بطور ہائی سکول اپ گریڈیشن، واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ،رابطہ سڑک کی تعمیر و مرمت اور نکاسیء آب کیلئے پختگیء تالاب کے منصوبہ جات کا اعلان کیا۔
علاوہ ازیں چئیرمین چوہدری سلامت اللہ رکھا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور جیتنے کے بعدمہر عامر حیات ہراج کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔لہذا اب علاقے کی تعمیر و ترقی کے سلسلہ میں ان کی تمام ترتوقعات حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے اپنے حلقہ ایم پی اے اور ایم این اے سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے ہم اپنے ان سیاسی قائدین کو اپنے بھر پور تعاون اور اعتماد کا یقین دلاتے ہیں اور ان سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ مقامی آبادی کے مسائل و مشکلات کے حل کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔اس افتتاحی تقریب سے اے ڈی ساحل منیر،چوہدری وکٹر ولیم،بشارت شہزاد گل اور صابر خورشید نندا جنرل کونسلر نے بھی خطاب کیا۔
جبکہ وائس چئیرمین عبدالقیوم خان آفریدی،چوہدری منظور عالم بھٹی سابقہ ممبر ضلع کونسل ،چوہدری محمد اقبال چئیرمین ایف او سولہ ایل،چوہدری اشتیاق احمد اور انجنئیر ندیم مغل سابقہ ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ خانیوال سمیت ممبرانِ یونین کونسل اور معززینِ علاقہ کی کثیر تعدادبھی اس موقع پر موجود تھی۔