پولیو میں ناکامی کاذمہ دار ای ڈی او ہیلتھ ہو گا:خواجہ سلمان

Khawaja Salman

Khawaja Salman

لاہور (جیوڈیسک) پولیو میں ناکامی پرضلع کا ای ڈی او ہیلتھ ذمہ دار ہوگا۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسداد پولیو مہم کے مطلوبہ نتائج نہ دینے والے افسران کو ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے اس سلسلہ میں فوری طور پر تمام ای ڈی اوز ہیلتھ کااجلاس بلانے کی ہدایت کی۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں پولیو کی صورتحال اور انسداد پولیو کے لئے مائیکر وپلاننگ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں 2013 اور 2014 میں چلائی جانے والی انسداد پولیو مہمات کا جائزہ لیا گیا اور مائیکرو پلاننگ کے اندر موجود خلا کو دور کرنے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی طرح انسداد پولیو مہم میں بھی یونین کونسل کی سطح پر عوامی نمائندوں اور علاقے کے معززین کو منصوبہ بندی اور آپریشنل لیول پر شامل کیا جائے۔