کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں اور اس کی ممکنہ قلیل مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔
یہ ہدایت انہوں نے سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے جاری کام کے معائنہ کے مو قع پر دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ عمارت اپنے منفرد ڈیزائن اور کام کی بدولت پاکستان کی بہترین عمارتوں میں سے ایک ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے زیر تعمیر عمارت کے مختلف تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور اراکین اسمبلی کی سہولت اور عمارت کی خوبصورتی کے حوالے سے مشورے بھی دیے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔ سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو،ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔