حیدر آباد (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کراچی کے بعد حیدر آباد پہنچ گئی، مصطفیٰ کمال نے شہر میں دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے پچیس ہفتوں میں تبدیلی لانے کا وعدہ کر لیا، دوسری طرف، ایم کیو ایم کی خواتین بھی مصطفیٰ کمال کے خلاف میدان میں آ گئیں۔
کراچی سے حیدر آباد تک مصطفیٰ کمال کے قافلے کا جگہ جگہ شاندار استقبال ہوا۔ خواتین کی نعرے بازی بھی جاری رہی۔ مصطفیٰ کمال کی قیادت میں لش پش گاڑیوں پر مشتمل پاک سرزمین پارٹی کا قافلہ کراچی سے حیدر آباد پہنچا، جہاں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پارٹی رہنماؤں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
پاکستانی پرچموں کی بہار میں حیدر آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر کا افتتاح بھی ہو گیا۔ جوش خطابت کے جوہر بھی خوب دکھائے گئے، لیکن سابق سٹی ناظم کراچی نے حیدر آباد میں سیاسی میدان کیا سجایا، متحدہ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔
ایم کیو ایم کی خواتین ارکان نے مصطفیٰ کمال کے خلاف اور قائد ایم کیو ایم کے حق میں نعرے بازی کی۔ حیدر آباد میں پاک سرزمین پارٹی کی رکنیت سازی کیلئے بھی مہم چلائی گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے ممبر شپ فارم حاصل کئے۔
دریں اثناء مصطفیٰ کمال شہر میں دفتر کا افتتاح کرتے ہی ایم کیو ایم سے متعلق آدھا سچ بھی بتا گئے، بولے، سنو، سنو، آدھا سچ بتاتا ہوں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ متحدہ قائد نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی سے بات کرانے کیلئے پیسے دئیے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر وہ جھوٹ بولنا بند نہیں کریں گے تو آدھی آدھی ڈوز دیتے رہیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے حیدر آباد میں تبدیلی کا نعرہ بھی لگایا، کہا شہروں کی حالت چھ ماہ میں بہتر کر دیں گے لیکن صحیح لوگوں کو ووٹ دینے ہوں گے۔