متحد ہو کر معاشرے سے جرائم کا سدباب کیا جا سکتا ہے۔ مرزا مقبول احمد

Karachi

Karachi

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کا ایک اجلاس ضلع کورنگی کے صدر مرزا مقبول احمد کی زیر صدارت ماڈل کالونی میں منعقد ہوا جس میں ضلع کورنگی کے تمام عہدیداران اور سٹی ایریاز کے صدور، جنرل سیکریٹریز اور سیکریٹری اطلاعات نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاشرے میں سماج دشمن عناصر کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے اسباب اور اس کے سدباب کا جائزہ لیا گیا اور اس پر گہری تشویش کے ساتھ ا س عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہر قیمت پر معاشرے میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کے خلاف ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔

اجلاس کے شرکاء نے سرکاری اہلکاروں کی سماج دشمن عناصر کی پشت پناہی پر غم و غصہ کا اظہار کیااورنوجوان نسل کیلئے صحت مندانہ سرگرمیوں کی ترغیب کے مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت پر زور دیا۔دریں اثناء اجلاس کے شرکاء نے مرزا مقبول احمد کی قیادت میں پارٹی کو فعال اور موثر بنانے اور عوام الناس کے مسائل حل کرنے کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار رہنے کا عزم کیا مرزا مقبول احمدنے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام متحد ہوکر ہی منشیات اور جوے کے اڈوں کی لعنت سے معاشرے کو پاک کرکے ایک مثالی معاشرہ ترتیب دے سکتے ہیں اور عوام پیپلز پارٹی کے پرچم تلے متحد ہو کر ہی ملک و قوم کی خدمت کا سنہراباب رقم کر سکتے ہیں۔

اجلاس سے ضلع کورنگی کے سینئر نائب صدر جاوید شیخ ، نائب صدر حمید انصاری ،جنرل سیکریٹری شہزاد ریاض مزاری اور سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر عون جعفری کے علاوہ تمام سٹی ایریاز کے صدور اور جنرل سیکریٹریز اور سیکریٹری اطلاعات نے بھی خطاب کیااور معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور اس کے سدباب کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔