لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ متحد ہے اسے تو ڑنے کی سازش ناکام ہوگی، 72 لوگوں کے چھوڑنے کی بات کسی کی خواہش ہوسکتی ہے حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا 2018 میں شیر بہت زور سے دھاڑے گا۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے حلقہ این اے 120 کا دورہ کیا، وہ وکٹوریہ پارک اور بیڈن روڈ گئیں۔ لوگوں کے مسائل سنے جبکہ کارکنوں نے گل پاشی کی اور نعرے لگائے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے عدالتی فیصلوں کے حوالے سے مثبت امید ظاہر کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اچھا فیصلہ کرے گا، مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ 72 لوگ کہاں ہیں جن کے چھوڑنے کی باتیں ہو رہی ہیں؟۔
مریم نواز نے بتایا کہ والدہ کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، لندن جانے کا ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کے درمیان ہیں اور انکے مسائل سن رہی ہیں۔ مریم نواز نے ہال روڈ اور میو ہسپتال کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہدایات دیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے لاہور کے حلقے این اے 119 کا دورہ کیا اور لیگی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پر مقدمات کوئی نئی بات نہیں ہے، ہم نے مشرف دورمیں بھی مقدمات کا سامنا کیا ہے، طالب علمی کے دور میں 6 ماہ جیل کاٹی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عدالتوں کے کئی فیصلوں پر ہمیں تحفظات ہیں، تاہم عدالتی فیصلوں میں انصاف کے تمام تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا ہے، الیکشن کی راہ ہموار ہوگئی، اب عوام کی عدالت لگے گی۔