لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ اور کینیڈا بھی بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کا بائیکاٹ کرنے والے ممالک میں شامل ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ اورکینیڈا نے بھی بیجنگ میں ہونے والے ونٹر اولمپکس 2022 کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بیان میں کہا کہ بیجنگ ونٹراولمپکس میں کوئی برطانوی وزیرشرکت نہیں کرے گا۔ ونٹر اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کی وجہ چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کینیڈا کا ونٹراولمپکس کا بائیکاٹ چین کے لئے کوئی تعجب کی بات نہیں ہو گی۔ ہم ماضی میں متعدد بارچین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کر چکے ہیں۔
سب سے پہلے امریکا نے بیجنگ ونٹراولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اورآسٹریلیا بھی سفارتی بائیکاٹ میں شامل ہو گیا تھا۔
چین نے امریکا کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے سفارتی بائیکاٹ سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ کسی امریکی سفارتکار کو بیجنگ ونٹراولمپکس کے لئے مدعو کیا ہی نہیں کیا گیا تھا۔