کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) برطانیہ کے علاقے ہڈرز فیلڈ میں پولیس کی جانب سے کیے گئے آپریشن میں پاکستانی نژاد یاسر یعقوب جاں بحق ہو گیا۔ کمالیہ سے تعلق رکھنے والے یاسر یعقوب کی گاڑی سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ یاسر یعقوب کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انکے بیٹے کو موٹروے کے جنکشن 24 پر پیر کی شب گولی مار دی گئی تھی۔گولیاں ونڈ سکرین توڑتی ہوئی اسے جالگیں اور وہ دم توڑ گیا،یاسر یعقوب ایک بچی ّ کا باپ بھی تھا۔برطانوی پولیس نے اسکی گاڑی سے اسلحہ برآمد کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ایم 62شاہراہ پر تین اور بریڈ فورڈ میں کار روک کر مزید دو گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔یاسر یعقوب پر منشیات کی سمگلنگ کا الزام تھا اور اسے 2010 میں قتل کے ایک مقدمے کا بھی سامنا ہوچکا ہے۔یاسر یعقوب کے گھر میں کئی سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے تھے۔یاسر یعقوب کے گھر کے باہر عزیزوں اور دوستوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جن کا کہنا ہے کہ ہر شخص میں خرابی ہوتی ہے مگر کسی کو سڑک پر اس طرح قتل کردینا،سمجھ سے بالا تر ہے۔اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے لواحقین شدید صدمے سے دوچار ہیں اور فی الحال اس معاملے پر کوئی بیان جاری کرنا نہیں چاہتے۔ انڈی پین ڈینٹ پولیس کمپلینٹ کمیشن واقعے کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ یاسر یعقوب کا بدھ کو پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔کمیشن نے کہا ہے کہ تحقیقات پیچیدہ نوعیت کی ہیں مگر پیشرفت ہو رہی ہے۔