کراچی (جیوڈیسک) برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال میں زیر علاج پاکستانی نصر اللہ خان نے وفات سے قبل اپنے اہلخانہ سے ملاقات کرنے کے لیے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے اپیل کر دی۔
نصر اللہ خان دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پاس زندگی کے کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور وہ اپنے آخری وقت میں اپنے اہلخانہ سے ملنا چاہتے ہیں۔
نصر اللہ خان نے اپنی آخری خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ ان کے پاس زندگی کے کچھ ہی دن رہ گئے ہیں، لہذا ان کی اہلیہ اور بچوں کو ویزہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ آخری مرتبہ ان سے مل سکیں۔
نصر اللہ خان نے بتایا کہ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے درخواست کی ہے کہ وہ جلد از جلد ان کے اہلخانہ سے ملاقات میں مدد کریں۔
نصر اللہ خان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس بچنے کی کوئی امید نہیں، لیکن آخری لمحات میں میری خواہش ہے کہ میں آخری بار اپنے دونوں بیٹوں اور اہلیہ کو دیکھ لوں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میری اہلیہ کو ویزہ کی درخواست دیئے ہوئے دو ہفتے ہوگئے لیکن برطانوی ہائی کمیشن سے اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے، تھامس ڈریو میرے مسئلے پر نظر ثانی کریں اور میری فیملی کو ویزہ فراہم کریں’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میجر جنرل آصف غفور بھی میری مدد کرسکتے ہیں، اگر انہیں میرے بارے میں پتہ چل سکے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ انہوں نے خلوصِ نیت کے ساتھ متعدد ضرورت مند افراد کی مدد کی ہے’۔
ساتھ ہی نصر اللہ خان نے شکوہ کیا کہ ’انہوں نے کئی دفعہ حکومت پاکستان اور پاکستان ہائی کمیشن برائے لندن سے اہل خانہ کے کیس کے لیے اپیل کی لیکن اب تک کسی نے کان نہیں دھرے۔