لندن (جیوڈیسک) ایک سروے کے مطابق انگلستان اور ویلز میں گزشتہ دس برسوں کے دوران مسلمانوں کی آبادی دگنی ہوگئی ہے۔ مسلم کونسل آف برطانیہ کے ایک حالیہ جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ برطانیہ میں مسلمانوں کی آبادی میں تیزی بڑھ رہی ہے اور ہر تین میں سے ایک مسلم فرد 15 سال سے کم عمر کا ہے۔
اسی طرح عمر رسیدہ مسلمانوں کی تعداد بھی دیگر اقوام کے مقابلے میں کم ہے ، اور صرف 4 فیصد مسلمان ایسے ہیں جو 65 برس سے زائد عمر کے ہیں۔سروے کے مطابق ، 2011 میں 27 لاکھ مسلمان انگلستان اور ویلز میں آباد تھے، جبکہ دس برس قبل 2001 میں ان کی تعداد پندرہ لاکھ کے قریب تھی۔
اس کے علاوہ اسکاٹ لینڈ میں مسلمانوں کی تعداد 77 ہزار اور شمالی آئرلینڈ میں تقریبا چار ہزار مسلمان آباد ہیں۔ سروے کے مطابق ان ملسمانوں میں سے نصف تعداد ان لوگوں کی ہے جو انگلستان میں ہی پیدا ہوئے اور ان میں سے 73 فیصد اپنے آپ کو برطانوی حیثیت سے شناخت کرتے ہیں ، ان میں دو تہائی کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے جبکہ آٹھ فیصد سفید فام ہیں۔