افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ نے طالبان کے کنٹرول کے بعد پہلی بار افغانستان میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ؓ( بی بی سی ) کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ فنڈ برائے اطفال’ یونیسیف’ (UNICEF) نے پیر کے روز پورے افغانستان میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔
یونیسیف کا کہناہے کہ افغانستان میں طالبان کی مکمل سپورٹ کے بعد 8 نومبر سے پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں پورے افغانستان میں 5 سال سے کم عمر ایک کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یونیسیف کے مطابق طالبان پولیو مہم کیلئے خواتین عملے کی اجازت دیں گے جبکہ ان کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں گے۔
یونیسیف کے حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پولیو پہم شروع کرنے کا فیصلہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مدد دے گا اس لیے پولیو کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے افغانستان کے ہر گھر میں ہر بچے کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔