کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم خیر سگالی کے تحت وزارت عظمی کیلئے میاں محمد نواز شریف کی غیرمشروط حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ نئی آنے والی حکومت ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے میں کامیابی عطا کرے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلہ کی توثیق کر دی ہے جس کے مطابق ایم کیو ایم خیرسگالی کے جذبے کے تحت وزارت عظمی کیلئے میاں محمد نواز شریف کی حمایت کرے گی اور رابطہ کمیٹی سے کہا ہے کہ وزارت عظمی کیلئے میاں محمد نواز شریف کی حمایت غیرمشروط طور پر کی جائے۔
رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ سابقہ جمہوری حکومت نے اپنے مینڈیٹ کے پانچ سال مکمل کیے اور اب نئی حکومت کی تشکیل کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک جن سنگین حالات سے گزر رہا ہے۔
نئی آنے والی حکومت کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کے پیش نظر میری بھی خواہش ہے کہ ایم کیو ایم قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں محمد نواز شریف کی وزارت عظمی کے عہدے کیلئے غیرمشروط حمایت کرے۔
الطاف حسین نے مزید کہا کہ وہ ، ایم کیو ایم اور اس کے لاکھوں چاہنے والے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی نئی آنے والی حکومت کو ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے میں اور عوام کو صحیح معنوں میں انصاف فراہم کرنے میں کامیابی دے۔