نیویارک (جیوڈیسک) اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کرائمیا میں ہونے والے اس ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی ہے جس میں کرائمیا کے روس سے الحاق کی منظوری دی گئی تھی۔
جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 100 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ اس کی مخالفت میں 11 ووٹ آئے، 58 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ ووٹنگ کے بعد یوکرائن کے وزیرِ خارجہ آندرے ڈیشچتسیا نے کہا کہ دنیا کے تمام کونوں سے یہ حمایت ملی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کوئی علاقائی نہیں بلکہ عالمی معاملہ ہے۔
تاہم اقوامِ متحدہ میں روس کے مندوب ویٹالی چورکن کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت کہ جنرل اسمبلی کے تقریباً نصف ارکان نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی، بہت حوصلہ افزا رجحان ہے اور میرے خیال میں یہ رجحان مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے گا۔
چونکہ اس قرارداد کے نتائج پر عملدرآمد لازمی نہیں اس لیے اس کی حیثیت علامتی ہی ہے لیکن یوکرائن کو امید ہے کہ یہ قرارداد ایک رکاوٹ کا کام کرے گی اور روس کو اس کے مزید علاقوں میں دخل اندازی سے روکے گی۔