نیویارک (جیوڈیسک) وزیر اعظم جمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب، 26 ستمبر کو امریکی وزیر خا رجہ اور بل گیٹس سے ملاقات کریں گے، 29 ستمبرکو وزیر اعظم کی بھارتی ہم منصب سے بھی ملاقات متوقع۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان واضح کر چکا ہے کہ ڈرون حملوں کے منفی نتائج بر آمد ہو رہے ہیں۔
کیونکہ ان سے عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں اور لوگوں میں امریکہ کے خلاف نفرت پیدا ہو رہی ہے۔ پاکستان ڈرون حملوں کا معاملہ اقوام متحدہ کے مختلف فورموں پر اٹھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور عالمی قانون کے منافی ہیں۔
اب عالمی رائے عامہ بھی اس مسئلے پر پاکستان کے حق میں تبدیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکہ عالمی دبا کو محسوس کرے گا اور ڈرون حملے بند کر دے گا۔ ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔