اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں کردار ادا کرنے کے بیان کا نوٹس لے۔
بھارتی وزیراعظم کے پاکستان توڑنے کی ناپاک سازش میں کردار ادا کرنے کے بیان نے ہلچل مچا دی ہے ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا پاکستان کے بارے میں بیان بھارت کے منفی رویے کا عکاس ہے۔
عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی وزیراعظم کے بیان کا نوٹس لے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اپنے رویے کے باعث سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کا اہل نہیں، سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام مضبوط مذہبی رشتے میں جڑے ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر کے دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے دینے کے بیان کو بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ بھارت کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، بھارت خطے میں بالا دستی کے لیے اپنے عزائم کو مزید تقویت دے گا۔