اقوا م متحدہ اورعالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دے

لاہور (عرفان طاہر) اقوا م متحدہ اورعالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیرمیں استصواب رائے کے انعقاد کو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو ان کاحق حقِ خودارادیت دے جس کی قرارداد اقوا م متحدہ نے 5 جنوری1949ء کو اکثریتی رائے سے منظورکی تھی۔ ان خیالات کا اظہارمختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں نے کشمیرسنٹر لاہورمیں یوم حق خودارادیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیرپنجاب کے صدرڈاکٹراحسن مسعود’ صدرلاہورڈویژن فاروق آزاد’ انچارج کشمیرسنٹر انعام الحسن کاشمیری’ مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنمامولاناشفیع جوش’ مرکزی نائب صدر مرزامحمدصادق جرال’ مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہورڈویژن کے صدرراجہ شہزاداحمد’ جنرل سیکرٹری عامرجرال’ جموں وکشمیروکلاء محاذ کے صدرراجہ شیرزمان ‘ جے کے ایل ایف کے سینئررہنماسردارانورخان’ سینئرصحافی ذاکرخواجہ’ معروف دانشور پروفیسرنذربھنڈر’ جماعت اسلامی آزادکشمیرلاہورکے نائب امیرعبدالعزیز شگری’ کشمیرویلفیئرایسوسی ایشن کے صدرعبداللطیف چغتائی’ معروف کالم نگار ارشاداحمدارشد اورنوجوان رہنما حافظ فداء الرحمان نے خطاب کیا۔

ڈاکٹراحسن مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوا م متحدہ نے 5 جنوری 1949ء کو اکثریتی رائے سے قراردادمنظورکرتے ہوئے طے کیاتھا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کیلئے کشمیرمیں استصواب رائے کروایاجائے گا لیکن پون صدی گزرنے کے باوجود اس پر عمل درآمدنہیں ہوا۔ فاروق آزادنے کہا کہ بھارت سے ہم نے جو بھی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں وہ کبھی پایہ تکمیل کونہیں پہنچ سکتیں۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں مخلص نہیں۔ مولاناشفیع جوش نے کہا کہ کشمیری پون صدی سے اپنی جانوں ‘عزتوں اوراموال کی قربانیاں دیتے چلے آئے ہیں اوروہ یہ ثابت کررہے ہیں کہ انہیں آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں۔

مرزاصادق جرال نے کہاکہ کشمیری یوم حق خودارادیت مناتے ہوئے اس عزم کا اظہارکررہے ہیں کہ وہ 1949ء میں منظورکی گئی قرارداد پر عمل درآمد کیلئے عالمی برادری کو یاددھانی کروارہے ہیں اورانہیں باورکروارہے ہیں کہ وہ اپنی قراردادپرعمل درآمدکیلئے بھارت کو مجبورکرے۔ راجہ شہزاداحمدنے کہا کہ کشمیرسنٹرہرقومی دن پر تقریب منعقد کرتے ہوئے تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم متحدکرنے کی احسن کاوش کررہاہے۔ مرزاعامر جرال نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اورحق خودارادیت کے حصول کیلئے ہمیں متحدہوکر عملی جدوجہد کرناہوگی۔ تقریب کے اختتام پرمولانا شفیع جوش نے شہدائے کشمیر ‘ سانحہ پشاورمیں شہیدہونے والے طلباء اورفوجی جوانوں اورملک کی سلامتی و امن کے قیام کیلئے دعاکروائی۔

(کیپشن:کشمیرسنٹرلاہورکے زیراہتمام یوم حق خودارادیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مولاناشفیع جوش’ ڈاکٹراحسن’ مرزاصادق جرال’ فاروق آزاد’ پروفیسرنذربھنڈر’ ذاکرخواجہ اوردیگرخطاب کررہے ہیں)

Right of Self Determination Cermenoy

Right of Self Determination Cermenoy