برنلے: صدر کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ ڈاکٹر مسفر حسین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر منظور شدہ قراردادیں فرسودہ ہو چکی ہیں۔ کشمیر کی موجودہ صورتحال نئی قرارداد کا تقاضہ کرتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی کشمیر کو یر فوجی علاقہ قرار دینے کی تجویز کا لبریشن لیگ برطانیہ خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان کا اقوام متحدہ سے اس بات کا مطالبہ کرنا کہ کشمیر کی قراردادوں پر عمل کروایا جائے کشمیری قوم کی قربانیوں کی نفی کرنے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال تقاضہ کرتی ہے حکومت پاکستان سیکیورٹی کونسل میں ایک نئی قراداد پیش کرے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرے کہ اس قرارداد کو عملدرآمد کی طاقت کے ساتھ منظور کرے جیسے دیگر قرادادیں ہیں۔
محض جذباتی انداز میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے سے کشمیر کے مسئلے کا کوئی فائدہ حاصل ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کے اس اعلان کو دونوں ملک کشمیر سے اپنی افواج نکالیں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے فوجوں کے انخلاء سے امن کی بخالی کے امکانات بہتر ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی انتہا پسند تنظیموں کی کشمیر میں مداخلت بھی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جس پر حکومت پاکستان اور اس کے اداروں کو ایسی تنظیموں کی کاروائیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ان تنظیموں کی کاروائیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی تحریک اور پاکستان حکومت کو بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ساری دنیا میں بدنامی کا باعث بنتی ہیں۔