مسلمان بیرونی قوتوں کے سامنے ہاتھ پھیلانا چھوڑ دیں: حافظ سعید

Prof Hafiz Mohammad Saeed

Prof Hafiz Mohammad Saeed

لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ لیکر گیا لیکن اس کی قراردادوں پر آج تک عمل نہیں کیا۔

مسلمان اپنے مسائل کے حل کی خاطر بیرونی قوتوں اور اداروں کے سامنے ہاتھ پھیلانا چھوڑ دیں۔ آزاد کشمیر کی طرح مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو بھی آزادی قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرنے سے ہی ملے گی۔ عراق اور شام کی طرح پاکستان میں بھی قتل و غارت گری پروان چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ منظم سازشوں کے تحت مسلمانوں کو باہم لڑایا جارہا ہے۔

کوئٹہ اور ملک کے دیگر حصوں میں ہونے والے بم دھماکے اور دہشت گردی کی کارروائیاں انہی سازشوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کفار کا مسئلہ ہو تو اقوام متحدہ جیسے ادارے فی الفور حرکت میں آجاتے ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں لیکن مسلمانوں کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔