واشنگٹن (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر اضافی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شمالی کوریا پر پابندیوں کی قرارداد پیش کی جسے تمام مستقل اور غیر مستقل ارکان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
اس قرارداد کے تحت شمالی کوریا کے 18 حکام اور اداروں پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور یہ پیغام واضح طور پر دیا گیا ہے کہ یہ ملک میزائل تجربات کو بند کرے۔شمالی کوریا کی خفیہ سروس کے سربراہ سمیت 14 افسران اور 4 محکموں کو اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں شامل کرتے ہوئے ان پر بین الاقوامی سفری پابندی عائد کی گئی ہے اور ان کے مالی اثاثے منجمد کردیے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر پہلی بار سن 2006 میں تمام طرح کے جوہری اور میزائل تجربات کرنے پر پابندی عائد کی تھی تا ہم یہ ملک ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے۔