جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، انشاء اللہ ہندو بنئے سے آزاد کروا کر ہی دم لیں گے ، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدر آمد کرواتے ہوئے کشمیر میں حق رائے دہی دے۔
ان خیا لات کا اظہار پریس کلب جہلم (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا ، مقررین میں ڈاکٹر مظہر مشر ، محمد افضل ، ڈاکٹر انوار قریشی ، صوفی محمد عزیز ، مرزا فیاض اشرف ، ڈاکٹر عاطف جواد ، ندیم ساجد مغل،راجہ سہیل کیانی ، ڈاکٹر تصور مرزا اور صوبیدار اعجاز کوثر شامل تھے ، تقریب کا اہتمام عبداللہ میموریل ہائی سکول میں ہوا ،آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ نقابت کے فرائض چوہدری بابر حسین نے سر انجام دیئے تقریب کی صدارت پروفیسر حکیم عبید الرحمن قریشی سرپرست اعلیٰ پریس کلب جہلم نے کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور ہم اس شہہ رگ کو حاصل کرکے ہی دم لیں گے، اس کی آزادی کیلئے ہمارے کشمیریوں نے ہزاروں قربانیاں دیں ، کیونکہ کشمیر پر بھارتی قبضہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے خلاف ہے ، بھارت یہ جان لے کہ کشمیر کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی ، مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت سے کسی قسم کی دوستی یا معاہدہ اس وقت تک نہیں کرنا چاہیئے کہ جب تک مقبوضہ کشمیر سے لاکھوں فوجی واپس نہیں چلے جاتے ، امریکہ جو کہ امن کا داعی بنا ہوا ہے اسے چاہیئے کہ وہ اور یورپی یونین کشمیریوں کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ بھارت کو سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بننے کیلئے کشمیر کی آزادی سے مشروط کرے اور جہاد اور دہشت گردی میں فرق کریں،کیونکہ یہ دونوں ایک نہیں ہوسکتے ، مسلمان کیلئے جہاد فرض جبکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے۔آخر میںمقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت کشمیر کی پالیسی کو پس پشت ڈالنے کی بجائے بآ واز بلند کشمیریوں سے وابستگی کا اظہار کرے ، صرف زبانی بیانات کی بجائے عملی خارجہ پالیسی اپنائے۔
یاد رہے کہ تقریب میں اے پی ایس سکول میں شہید ہونے والے طالب علم معظم علی کے والد صوبیدار کوثر اعجاز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔