گوٹریس اقوام متحدہ کے نئے متوقع سیکرٹری جنرل

Antonio

Antonio

واشنگٹن (جیوڈیسک) پرتگال کے سابق وزیر اعظم انتونیو گوٹریس غیر سرکاری طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ۔ ان کی تقرری کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز متوقع ہے۔

بدھ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس سلسلے میں ایک اہم ووٹنگ میں سابق سیاست دان اور سفارت کار کے حق میں 13 ووٹ آئے جب کہ انہیں نہ ملنے والے دو ووٹوں میں یہ کہا گیا تھا کہ وہ اس بارے میں اپنی رائے دینا نہیں چاہتے۔

اقوام متحدہ کے لیے روس کے سفیر ویٹالی چورکن نے کونسل کے صدر کی حیثیت سے ان کے منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کل جمعرات کو باضابطہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ یہی قابل تحسین نتیجہ سامنے آسکتا ہے۔

بدھ کے روز ہونے والی رسمی ووٹنگ اس حوالے سے نمایاں تھی کہ پہلی مرتبہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان نے، جنہیں ویٹو کا اختیار حاصل ہے، ووٹ کے لیے رنگ دار پرچیوں کا انتخاب کیا جس کا مقصد امیدواروں کے ووٹ کو ظاہر کرنا تھا۔ گوٹریس نے 9 سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جو یہ عہدہ حاصل کرنے کے لیے ضروری تھے۔

جمعرات کو کونسل ووٹنگ کے ذریعے اپنے فیصلے کی تکمیل کرے گی اور اس کے بعد فیصلے پر رائے شماری کرائی جائے گی۔

سلامتی کونسل اپنے سفارشات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھیجے گی اور توقع ہے کہ جنرل اسمبلی گوٹریس کی تقریری کے فیصلے کی توثیق کردے گی۔