اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت گرانے کیلئے متحد ہونے والی اپوزيشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ چُن لیا۔
مولانا فضل الرحمان کو سربراہ بنانے کا فیصلہ پی ڈی ایم رہنماؤں کے ورچوئل اجلاس میں ہوا جس میں نواز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور دیگر اپوزيشن رہنماؤں نے شرکت کی۔
پی ڈی ایم کے دیگر عہدے داروں کا فیصلہ پیر کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مولانا کا نام نواز شریف نے تجویز کیا، پیپلز پارٹی نے دبے الفاظ میں مخالفت کی، بلاول نے کہا مولانا کی سربراہی کی مدت بھی طے کی جائے اور اتحاد کی سربراہی باری باری تمام جماعتوں کو دینی چاہیے ۔
پی ڈی ایم کے سربراہوں نے میثاق پاکستان معاہدہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا، اس معاہدے کی تجویز مولانا فضل الرحمان نے پیش کی۔
ملکی حزب اختلاف کی 11 جماعتوں پر مشتمل ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ نے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کو سربراہ مقرر کردیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، نواب اختر مینگل، شاہ اویس نورانی، امیرحیدر خان ہوتی اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے کو بھی حتمی شکل دی گئی جب کہ حکومت مخالف مشترکہ احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اور عمل درآمد پر بھی مشاورت کی گئی۔