اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ یہ احتجاج، دھرنااور نہ سیاسی اجتماع ہے بلکہ پاکستان کیخلاف بغاوت ہے، تباہی کا ایجنڈا لےکر آنےوالوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی، یہ انقلابی نہیں گھس بیٹھیے اور دہشت گرد ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین اور تاریخی دور سے گزر رہا ہے، نازک دور اس لیے کہ ایک گروہ آزادی رائے کا سہارا لے ریاستی اثاثوں پر لشکر کشی کی ۔تاریخی اس لیے ہے کہ آج پارلیمنٹ متحد ہے، یہ ایوان ملک کے 18 کروڑ عوام کی آواز ہے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ قوم اپنے منتخب ایوان کے ساتھ ہے۔
یہ وقت بخیر و خوبی چلا جائے گا،یہ ایوان متحد ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران نے 8دن پہلے ہماری حمایت کی، کیا وجہ ہے اب 360 ڈگری کا ٹرن لے گئے، اس ٹرن کا ایک پس منظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج، دھرنااور نہ سیاسی اجتماع ہے بلکہ پاکستان کیخلاف بغاوت ہے، یہ ہمارے ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ ا ن کےراستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، اپوزیشن نے کہا اگر پی ٹی آئی کے راستے روکے گئےہم یہ برداشت نہیں کرینگے۔