لندن (جیوڈیسک) لندن ایک برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا 35 عالمی رہنماوں کے ٹیلی فون ٹیپ کرتا رہا ہے۔ جرمن چانسلر انجیلامرکل نے کہاہے کہ ایک بار بداعتمادی کا بیج بو دیا جائے تو تعاون بہت مشکل ہو جاتا ہے۔برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق، سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی افشا کی گئی ایک دستاویز میں امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے 35 عالمی رہنماوں کے ٹیلی فون کالزکی نگرانی کے انکشاف نے دنیابھرمیں ہلچل مچادی ہے۔ خفیہ دستاویز کے مطابق امریکا نے کئی اہم شخصیات کے فون ٹیپ کیے، ان میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل، میکسیکو کے صدر سمیت کئی اہم شخصیات شامل ہیں۔
اس صورتحال پر یورپی یونین کے اجلاس میں امریکا کے کردار پر سوالات اٹھائے گئے اور ناراضی کا اظہار کیا گیا۔ انجیلا مرکل کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ بداعتمادی کا بیج بو دیا جائے تو انٹیلی جنس تعاون مشکل ہو جاتا ہے۔ اعتماد کی بحالی کیلیے امریکا کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا انٹیلی جنس سے متعلق لگائے گئے ہر الزام پر کھلے عام رائے نہیں دے گا۔ انٹیلی جنس معلومات کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔