واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کا منصوبہ ملتوی کر دیا۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیکورٹی سمجھوتے پر دستخط کئے بغیر فوج واپس نہیں جائے گی۔ وال اسٹریٹ جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے افغانستان سے فوجی انخلا کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔
امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک افغان صدر حامد کرزئی اپنی مدت صدارت مکمل ہونے سے قبل مجوزہ امریکی سیکورٹی معاہدے پر دستخط نہ کر دیں اس وقت امریکا کو فوجی انخلا کے منصوبے پر عمل نہیں کرنا چاہئے۔
سیکورٹی معاہدے کے تحت امریکی فوجیوں کی ایک مخصوص تعداد فوجی انخلا کے بعد بھی افغانستان میں رہے گی تاہم صدر کرزئی کی جانب سے ٹال مٹول کے بعد امریکی اعلیٰ فوجی اور سیاسی حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔