کوالالمپور (جیوڈیسک) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ملائیشیا کے لاپتا ہونے والے طیارے ایم ایچ 370 کے بارے میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے پا س معلومات ہیں لیکن وہ اسے جان بوجھ کر چھپا رہی ہے۔
83 سالہ مہاتیر محمد نے اپنے بلاگ میں مزید دعویٰ کیا ہے کہ گمشدہ جہاز کو بنانے والی کمپنی بوئنگ اور کچھ حکومتی ایجنسیوں کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ کہیں بھی موجود کمرشل جہازوں کا کنٹرول اچک لیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ تصور بھی نہیں کرسکتے کہ پائلٹوں نے سمندروں میں سافٹ لینڈنگ کی اور پھر خاموشی سے سمندر کی تہہ میں چلے گئے۔
مہاتیر نے کہا کہ میڈیا بوجوہ کوئی بھی ایسی بات شائع یا نشر نہیں کرتا جس میں سی آئی اے یا بوئنگ کا ذکر ہو۔ اس لیے یہ انصاف نہیں کہ ملائیشین ائر لائن یا ملائیشیا کو موردالزام ٹھہرایا جائے۔